اسلام آباد: وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات پر وہی لوگ الزامات لگا رہے ہیں جو خود بڑے ہارس ٹریڈرز تھے۔
مریم اورنگزیب نے احتساب عدالت میں نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ ضمنی ریفرنس کی سماعت سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں چوہدری سرور کس طرح جیتے ہیں، یہ ہارس ٹریڈنگ نہیں تو اور کیا ہے؟
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کوئی تو ٹویٹ کریں کہ چوہدری سرور کیسے کامیاب ہوئے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے سینیٹ انتخابات میں دیگر جماعتوں کے اراکین کی جیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں کیا ہوا ہے کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ پشاور میں پیپلز پارٹی نے سینیٹ کی نشستیں کیسےلیں۔ ہارس ٹریڈنگ کرنے والے ن لیگ کی کامیابی پر تنقید کرنے میں مصروف ہیں۔
چند روز قبل ہوئے سینیٹ انتخابات میں پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا سے دو نشستیں حاصل کیں جب کہ پی ٹی آئی نے پنجاب سے ایک نشست حاصل کی۔ اسمبلیوں میں موجود پارٹی پوزیشنز کے لحاظ سے ان کامیابیوں کو اپ سیٹ قرار دیا گیا ہے۔