’فواد چوہدری کی زبان پھسل گئی تھی‘


اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کسی اور تناظر میں بات کر رہے تھے، ان کا مقصد یہ کہنا نہیں تھا کہ 400 ادارے بند کر رہے ہیں، دراصل ان کی زبان پھسل گئی تھی۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف کاروبار دوست ماحول فراہم کرنا ہے اور اس کے لیے حکومت نوکریاں بھی فراہم کرے گی اور صنعتوں کو سہولیات بھی، ادارے بند کرنے کی جانب نہیں جارہے۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ اس وقت معیشت کے سنبھلنے کے لیے کاروبار دوست پالیسیاں بنانے کی بہت ضرورت ہے اور اسی لیے ’کامیاب جوان‘ پروگرام کے تحت آسان قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ نہیں کیا تھا۔

اس بیان پر سوشل میڈیا پر فواد چوہدری کو سوشل میڈیا پر آڑے ہاتھوں لیا گیا۔

معاملہ اس حد تک بڑھ گیا کہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کو وضاحتی بیان جاری کرنا پڑا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، میں نے یہ نہیں کہا تھا کہ حکومت نوکریاں نہیں دے گی بلکہ یہ کہ ’نوکریاں حکومت نہیں پرائیویٹ سیکٹر دیتا ہے حکومت نے ماحول پیدا کرنا ہے جہاں نوکریاں ہوں، یہ نہیں کہ ہر شخص سرکاری نوکری ڈھونڈے۔‘


متعلقہ خبریں