مسلم لیگ ن سینیٹ میں سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی، احسن اقبال


اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عوام مسلم لیگ ن کی اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل چاہتے ہیں۔ عام انتخابات میں بھی مسلم لیگ ن ہی کامیاب ہوگی۔

احسن اقبال نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام غیر جمہوری سوچیں ناکام ہورہی ہیں۔ ہمیں آئین کے تحت مضبوط اور مستحکم جمہوری نظام کے ذریعے آگے بڑھنا ہے۔  کچھ حلقوں نے سینیٹ کے انتخابات کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عوام کا سیاسی شعور بالغ ہو چکا ہے، ریڑھی والا، مزدور اور کسان بھی وکیل، صحافی اور دانشور جتنا باخبر ہے۔ ووٹرز کو چاہیے کہ ایک ایک دن تمام صوبائی دارالخلافہ میں گزاریں، انہیں تمام جماعتوں کی کارکردگی کا اندازہ ہوجائے گا۔

وزیرداخلہ نے عدالتی فیصلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی عدالت کو یہ پتہ ہونا چاہیے تھا کہ اس کے فیصلہ کا سینیٹ کے انتخاب پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔ کیا عدالتی فیصلہ سینیٹ کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے پہلے نہیں دیا جا سکتا تھا؟

احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف کی صدارت کے فیصلے نے مسلم لیگ ن کو سینیٹ کے انتخابات سے باہر کردیا ہے۔ آج عالمی میڈیا ہماری عدلیہ کہ بارے میں جو بات کررہا ہے میں اس پر خون کے آنسو رو رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور وہ زیادہ مضوط ہورہی ہے۔  ہم اداروں کے درمیان محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہو سکتے ہیں۔ اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔

 


متعلقہ خبریں