یہ لاہور ہے: شہری گھر کے دروازے سے اغوا کر لیا گیا

یہ لاہور ہے: شہری گھر کے دروازے سے اغوا کر لیا گیا

لاہور: سمن آباد سے نا معلوم ملزمان نے شہری کو گھر کے سامنے سے اغوا کرلیا۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اغوا کاروں نے مغوی کی رہائی کے لیے پانچ لاکھ روپے تاوان کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔

چشتیاں: دم کرنے اور تعویذ دینے والے پیر صاحب اغوا

ہم نیوز کے مطابق 38 سالہ صغیر حسن نامی شہری کو دن دیہاڑے مبینہ طور پر کار سوار چار ملزمان نے اس وقت اغوا کیا جب وہ اپنے گھر کے دروانے پر موجود تھا۔ اغوا کار با آسانی جائے واردات سے فرار ہوگئے جب کہ پولیس ٹامک ٹوئیاں ماررہی ہے۔

پولیس کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ صغیر حسن کے بھائی کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پولیس کو اغوا کاروں کی کارروائی کی پوری ویڈیو بھی سی سی ٹی وی فوٹیج کی شکل میں ملی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چار ملزمان مغوی کو گھر کے سامنے سے اغوا کرتے ہیں۔

اس کی تصدیق مغوی کے اہل خانہ نے بھی کی ہے کہ صغیر حسن کو گھر کے دروازے سے اغوا کیا گیا ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ مغوی چلتی گاڑی سے اترنے کی کوشش کرتا ہے لیکن ناکام رہتا ہے جب کہ اغوا کاروں کی سفید گاڑی گلی سے بنا کسی رکاوٹ کے گزرتی دکھائی دیتی ہے۔

38 سالہ صغیر حسن نامی شہری کے مبینہ طور پر اغوا کا مقدمہ تھانہ سمن آباد میں درج کرلیا گیا ہے۔

فیصل آباد:مدرسے کے طلبا اغوا ہونے لگے

پولیس کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ ہم نیوز کو پولیس کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ ملزمان کی جانب سے مغوی کی رہائی کے لیے پانچ لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

لاہور کے انتہائی بارونق اور مصروف علاقے سمن آباد سے شہری کا گھر کے دروازے سے اغوا ہونا دراصل امن و امان کی مخدوش صورتحال کا عکاس ہے۔ حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری طور پر نوٹس لے اور شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کو یقینی بنائے۔


متعلقہ خبریں