زلمی کو فتح دلا کر ڈیرن سیمی سوشل میڈیا ٹرینڈ بن گئے


شارجہ: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے ڈیرن سیمی سوشل میڈیا ٹرینڈ بن گئے ہیں۔ 

کوئٹہ کی جانب سے دیا گیا 146 رنز کا ہدف پشاور زلمی نے آخری اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کیا۔ یہاں تک پہنچنے کے لئے زلمی کو پانچ وکٹیں کھونا پڑی تھیں۔

زلمی کی جانب سے ڈیرن سیمی نے آخری اوور میں دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 16 رنز کی اننگ کھیلی اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

زلمی کی پانچویں وکٹ 125 کے مجموعی اسکور پر گری، جب صابر رحمان 18 اوور کی تیسری گیند پر صرف گیارہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انجری کا شکار ہونے والے کپتان ڈیرن سیمی لنگڑا کر چلتے ہوئے کریز پر آئے تو زلمی کو جیت کے لیے نو گیندوں پر 17 رنز درکار تھے۔ انہوں نے صرف چار گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے16 رنز بنائے اور چوکا مار کر ٹیم کو فتح دلائی۔

 

قبل ازیں ڈیرن سیمی بالنگ کے دوران اپنے تیسرے اوور میں دو بار انجری کا شکار ہونے کے بعد میدان سے باہر جانے پر مجبور ہوگئے تھے۔

ڈیرن سیمی مین آف میچ قرار پائے۔


متعلقہ خبریں