لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان مقبوضہ کشمیر کے لیے کوئی عملی قدم اٹھائیں ورنہ قوم معاف نہیں کرے گی محض تقریروں سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو گا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے لاہور میں آزادی کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں سینکڑوں کشمیری شہید اور 300 سے زائد کشمیری بیٹیوں کو ان کے گھروں سے بھارتی فوجیوں نے زبردستی اغواء کر لیا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ محض تقریروں سے حل نہیں ہوگا بلکہ اس کے لیے عملی قدم اٹھانا ہو گا۔ وزیر اعظم عمران خان اقوام متحدہ گئے لیکن ڈاکٹر عافیہ پر ایک لفظ بھی نہیں بولے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا خیال تھا وزیر اعظم اقوام متحدہ میں جانے سے پہلے سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کریں گے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا، وزیر اعظم کی تقریر ان کا پیچھا کر رہی ہے اور انہیں تلاش کر رہی ہے۔ تقریر کے بعد نہ تو کشمیر میں کرفیو ختم ہوا اور نہ ہی کشمیری رہا ہوئے۔
سراج الحق نے مسئلہ کشمیر سے متعلق حکومتی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی عقل، سوچ اور وژن پر افسوس ہے جنہوں نے کہا تھا کہ مسئلہ کشمير کا حل بھارتی انتخابات ميں مودی کی کاميابی سے ہو گا لیکن آج مقبوضہ کشمیر کی صورتحال دنیا کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی نے گجرات میں 2 ہزار سے زائد مسلمانوں کو شہید کیا اور آرٹیکل 370 اور 35 اے کا خاتمہ اچانک نہیں ہوا۔ اگر جنگ مسئلے کا حل نہیں تو بتائیں حل ہے کیا؟ دنیا کا کون سا ملک مذاکرات سے آزاد ہوا؟
یہ بھی پڑھیں بھارت فوری طور پر بے گناہ کشمیریوں کو رہا کرے، امریکی کانگریس
امیر جماعت اسلامی نے کہا ڈونلڈ ٹرمپ اور مودی چکر باز اور عالمی بد معاش ہیں، انھوں نے اعلان کیا دونوں کی فوجیں مشترکہ مشقیں کریں گی، قوم انتظار کر رہی ہے وزیر اعظم کوئی عملی قدم اٹھائیں، محض تقریروں سے کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوگا۔