اسلام آباد: قوموں کی معمار قرار دیے جانے والے اساتذہ کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے۔
علم کی شمع جلانے والے پورے عالم کو علم کی روشنی سے منور کر دیتے ہیں اور یہ کام کرنے والے کو استاد کہا جاتا ہے۔ استاد کسی بھی معاشرے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور اسی لیے ان کی خدمات کو سراہنے کے لیے ہر سال 5 اکتوبر کو اساتذہ کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔
گھر سے بنیادی تعلیم حاصل کرنے کے بعد ایک بچے کو معاشرے میں مقام حاصل کرنے کے لیے تعلیم و تربیت کی ضرورت ہوتی ہے جو اسے استاد دیتا ہے۔
اسی لیے کہا جاتا ہے کہ
رہبر بھی یہ ہمدم بھی یہ غم خوار ہمارے
استاد یہ قوموں کے ہیں معمار ہمارے
اساتذہ کے عالمی دن کی مناسبت سے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں طلبہ ان کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔
اس دن کی مناسبت سے دنیا کے معروف سرچ انجن گوگل نے ڈوڈل بھی جاری کیا ہے۔
اساتذہ کی خدمات کے معترف اس ڈوڈل پر کلک کریں تو ٹیچرز ڈے کی مناسبت سے ایک تصویر سامنے آتی ہے، جس پر اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یہ الفاظ لکھے ہیں۔
’اساتذہ کا عالمی دن ان کی خدمات کے اعتراف کا خاص دن ہے، آج اپنے ٹیچرز کا شکریہ ادا کریں کہ انہوں نے آپ کی تعلیم اور ترقی میں بھرپور حصہ ڈالا۔‘