شہباز شریف ن لیگ کے قائم مقام صدر، نواز شریف تاحیات قائد منتخب

شہباز شریف ن لیگ کے قائم مقام سربراہ منتخب ہو گئے | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کو مسلم لیگ نواز کا قائم مقام صدر جب کہ نواز شریف کو تاحیات قائد منتخب کر لیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق شہباز شریف کا انتخاب بلامقابلہ ہوا۔ ان کا نام نااہل ہونے والے سابق پارٹی سربراہ نواز شریف کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا۔ خواجہ سعد رفیق، زاہد حامد اور ظفر اقبال جھگڑا نے تائید کی۔

شہباز شریف کی قائم مقام صدر کے طور پر تقرری منگل کو ن لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے دوران کی گئی ہے۔

مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں نواز شریف کو تاحیات قائد بنانے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

فیصلوں کے اعلان کے بعد ن لیگ کی جنرل کونسل کا اجلاس چھ مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔ جہاں شہباز شریف کو پارٹی کا مستقل صدر منتخب کیا جائے گا۔

سپریم کورٹ نے چند روز قبل انتخابی اصلاحات ایکٹ کیس کا فیصلہ سنایا تھا جس کے تحت کوئی سزایافتہ شخص سیاسی جماعت کی سربراہی نہیں کر سکتا۔ اس فیصلے کے بعد نواز شریف ن لیگ کی صدارت سے بھی نااہل ہو گئے تھے۔

منگل کو ہونے والے مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ تین بار وزیراعظم منتخب ہوئے لیکن ہر بار انہیں مدت پوری نہیں کرنے دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ قوتیں نہیں چاہتیں کہ وہ ان مناصب پر رہیں۔ نواز شریف نے عدالتی فیصلوں پر تنقید کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ فیصلوں پر ردعمل دینا کون سا غلط کام ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوامی فیصلے ان غلط فیصلوں کو ہوا میں اڑا دیں گے۔

ن لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے موقع پر نواز شریف کے علاوہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، گورنرز، وزرائے اعلی، مرکزی وزیرداخلہ، پارٹی کے صوبائی صدور اور متعدد وفاقی وزراء بھی ماڈل ٹاؤن میں موجود تھے۔


متعلقہ خبریں