ملتان میں اسپتال ملازمین کی ہڑتال، آپریشنز ملتوی


ملتان:محکمہ صحت کے ملازمین نے سرکاری اسپتالوں کی نجکاری کے خلاف کام بند کرکے کچہری چوک ملتان میں احتجاجا دھرنا دیا۔

نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف مسلسل نعرے بازی کرتے ہوئے مظاہرین کے احتجاج سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

ملتان کے مصروف ترین علاقوں میں سے ایک کچہری چوک کو چاروں اطراف سے بند کرنے سے کلمہ چوک سے کچہری چوک تک بد ترین ٹریفک جام رہا۔ پولیس لائن روڈ، کچہری روڈ اور ایل ایم  کیو روڈ سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں بھی شہریوں کو ٹریفک کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ہڑتالی پیرامیڈیکل اسٹاف نے سوائے ایمرجنسی کے آئوٹ ڈور سمیت اسپتال کے دیگر تمام شعبوں میں بھی کام بند کردیا ہے۔

اسپتالوں کی نجکاری نا منظور کے نعرے لگانے والے سرکاری ملازمین کی ہڑتال کے باعث کئی آپریشنز ملتوی ہوئے ہیں ۔

ملازمین کی ہڑتال سے مریضوں سمیت ان کے تیمارداروں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

احتجاج کرنے والوں کا کہنا تھا کہ عوام سے طبی سہولیات چھیننے کے لئے اسپتالوں کی نجکاری کے بجائے صحت کے شعبہ میں اصلاحات کی جائیں۔


متعلقہ خبریں