راولپنڈی: موبائل فون کے ذریعے سفری سہولت فراہم کرنے والے ادارے کریم کے ایک کیپٹن کو گاڑی چھیننے کی کوشش کے دوران زخمی کر دیا گیا۔
ہم نیوز کے مطابق راولپنڈی کے علاقے صدر میں کریم کے رضوان نیازی نامی کیپٹن پر دو موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان نے حملہ کردیا۔
ملزمان نے رضوان نیازی سے اسلحہ کے زور پر گاڑی چھیننے کی کوشش کی، اس دوران مزاحمت کرنے پر رضوان کو تیز دھار آلے سے نشانہ بنایا۔
رضوان نیازی کا کہنا ہے کہ مسلح ملزمان جیب میں موجود 18 ہزار روپے نقدی لے کر فرار ہوگئے۔
متاثرہ کریم کیپٹن کی جانب سے تھانہ سول لائن کی چوکی طارق آباد میں درخواست جمع کروائی گئی ہے تاہم واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں ہوا ہے۔
22 فروری کو کریم کے ایک 26 سالہ کیپٹن کو اسلام آباد کے سیکٹر جی تیرہ میں قتل کردیا گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ اسلام آباد کے گولڑہ پولیس اسٹیشن میں مقتول کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
واقعے کے بعد کریم کے درجنوں کیپٹنز اور وینڈرز نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ انہیں یہ اختیار دیا جائے کہ وہ کس رائیڈ کو قبول کریں اور کس سے منع کریں۔
اسلام آباد پولیس نے عطاء اللہ نامی ایک فرد کو کریم کیپٹن کے مبینہ قاتل کے طور پر میڈیا کے سامنے پیش کیا تھا۔ ملزم نے میڈیا کی موجودگی میں قتل سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد اسے پولیس اہلکار ایس پی انویسٹی گیشن زبیرشیخ کی نیوز کانفرنس سے باہر لے گئے تھے۔