’سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد خوش آئند ہے‘

احسان مانی کا محمد عامر اور سمیع اسلم کے کرکٹ چھوڑنے کے فیصلے پر افسوس

لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد خوش آئند اقدام ہے۔

قذافی اسٹیڈیم میں پاک سری لنکا سیریز کے لوگو کی رونمائی تقریب میں ان کا کہنا تھا کہ تیرہ سال بعد ٹیسٹ ٹیم کی پاکستان آمد سے بین الاقوامی کرکٹ کے راستے کھلیں گے، سری لنکا کی آمد سے دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ پاکستان محفوظ ملک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سری لنکا کرکٹ سیریز شیڈول کے مطابق ہو رہی ہے اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان اور سری لنکن بورڈز میں کتنے گہرے تعلقات ہیں، پاکستان آمد پر سری لنکن ٹیم کا بے حد مشکور ہوں۔

احسان مانی نے کہا کہ پاکستان نے بھی سری لنکا کی بہت مدد کی ہے، نیوزی لینڈ اور سری لنکا میں بھی دہشت گردی کے واقعات ہوئے ہیں، ہم ان کی تکلیف سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ملک کی سیکیورٹی کی بھاگ دوڑسنبھال رکھی ہے اور ہماری سیکیورٹی کا معیار دنیا میں مانا جاتا ہے۔

احسان مانی کا کہنا ہے کہ ٹرانسپیرنسی ہمارے لیے بہت اہم ہے، کئی کھلاڑی تو مجھے کہتے تھے کہ سیکیورٹی بہت سخت ہے ہمیں سوشلائز ہونےکی اجازت دی جائے۔

جو کھلاڑی پاکستان نہیں آنا چاہتا ان کے ساتھ زبردستی نہیں کی جاسکتی، پاکستان کرکٹ لیگ (پی ایس ایل) میں بھی کئی غیرملکی کھلاڑی پاکستان آئے اور انہوں نے یہاں کیے گئے انتظامات کو بہترین پایا۔ جو کھلاڑی پاکستان آئے ہیں ہم ان کی بے حد قدر کرتے ہیں۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ کراچی اور لاہور کے اسٹیڈیمز میں شائقین بھرپور شرکت کر کے مہمان نوازی کا ثبوت دیں۔ پاکستانی مداحوں میں کرکٹ کا جنون ہے، اور انہیں دو ہفتوں میں بہترین مقابلے کی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک سری لنکا سیریز کے لیے 7 مرکزی اسپانسرز ہیں، اسپانسرز بھی پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔

پاک بھارت سیریز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت سیریز کے لیے بھارت کے پیچھے نہیں بھاگیں گے، اگر انہوں نے سیریز کھیلنی ہے تو آئیں ہم سے بات کریں۔ کرکٹ کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے۔

یاد رہے کہ آئی لینڈرز 25 ستمبر کو پاکستان پہنچیں گے جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز پانچ اکتوبر کو ہوگا۔


متعلقہ خبریں