مولانا فضل الرحمان 22 نمبر بنگلے کے لیے بے چین ہیں، فردوس عاشق

لاڑکانہ میں لگے سیاسی تھیٹر میں انوکھے واقعات ہوں گے، فردوس عاشق

فوٹو: فائل


سیالکوٹ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان قوم اور مولانا فضل الرحمان 22 نمبر بنگلے کے لیے  بے چین ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم ہی فرسودہ نظام سے ملک کو نجات دلائیں گے اور وہ اس وقت کشمیریوں کا مقدمہ لڑنے امریکہ گئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خود کو جمہوریت کا چیمپیئن کہنے والے خورشید شاہ آج کل قومی احتساب بیورو (نیب) کے شکنجے میں ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان 22 نمبر بنگلے کے لیے بے چین ہیں اور چوروں کی آزادی کے لیے چندہ اکھٹا کر کے مارچ کرنا چاہتے ہیں۔ جب یہ لوگ پکڑے جاتے ہیں تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمیں سب سے پہلے اپنی سوچ کو بدلنا ہو گا۔ جن کو گھر والے بھی نہیں جانتے وہ کھڑے ہو کر کہتے ہیں حکومت ناکام ہو گئی۔ وزیر اعظم نے ملک کی تقدیر بدلنے کا وعدہ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں جمہوریت کے نام پر ذاتی مفادات کا تحفظ کیا گیا اور سیاست کو کاروبار بنایا گیا۔ اس وقت ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے جبکہ حکومت نے ایک سال میں ہی ملکی معیشت کو مستحکم کیا۔

یہ بھی پڑھیں عمران خان کو کسی صورت این آر او نہیں دوں گا، مولانا فضل الرحمان

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار جیبوں کے بجائے خزانے کو بھرا جا رہا ہے اور ایک سال میں 6 لاکھ افراد ٹیکس ڈاکیومنٹس کا حصہ بنے ہیں۔ حکومت نے 73 فیصد کرنٹ اکاونٹ خسارہ کم کیا۔


متعلقہ خبریں