لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے عدلیہ مخالت بیانات پرلاہور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔
لاہورہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سمیت 16 لیگی اراکین کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے سید اقتدار حیدر کی کیس میں فریق بننے کی اجازت دینے کے لیے متفرق درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ درخواست گزار چاہے تو عدالت میں علیحدہ درخواست دائر کرسکتا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی وزرا اسحاق ڈار، طارق فضل چوہدری، مریم اورنگزیب اور سابق وفاقی وزیر پرویز رشید عدلیہ کے خلاف مسلسل بیانات دے رہے ہیں۔ خواجہ سعد رفیق، طلال چوہدری، مشاہد اللہ خان، رانا ثنا اللہ، مائزہ حمید، عابد شیر علی، دانیال عزیز اور آصف کرمانی بھی شامل ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے خلاف بیان بازی توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے۔ اداروں کو اکسایا جارہا ہے جو غداری کے زمرے میں آتا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ ن لیگی رہنماؤں کے بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے مجرمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔ درخواست گزار نے درخواست میں فریق بننے کی بھی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔
مسلم لیگ ن کے سربراہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو عدلیہ کی جانب سے دو مرتبہ نااہل قرار دینے پر ن لیگی رہنماؤں کا عدلیہ مخالف بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔