عابد باکسر کے سسر کی درخواست، عدالت کا پولیس اور ایف آئی اے کو نوٹس


لاہور: عابد باکسر کے سسر کی درخواست پرلاہور ہائی کورٹ نے انسپکٹرجنرل (آئی جی ) پولیس اور ڈائریکٹر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو نوٹس جاری کردئیے۔ ان کے سسر سابق انسپکٹر پولیس ہیں۔

درخواست گزارجعفررفیع نے موقف اختیار کیا ہے کہ عابد باکسر کو دبئی سے پولیس نے انٹرپول کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ خطرہ ہے کہیں اس کو اب پولیس مقابلے میں نہ مار دیا جائے۔

ان کی درخواست پرعدالت عالیہ کے سئینر ترین جج مسٹرجسٹس انوارالحق نے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عابد باکسرکے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے۔ کورٹ پولیس کو انہیں پولیس مقابلے میں مارنے سے روکنے اور زندہ سلامت پیش کرنے کا حکم دے۔

عابد باکسر جعلی پولیس مقابلوں میں خاصی شہرت رکھتے ہیں۔ انہیں کچھ دن قبل ہی دبئی میں انٹرپول نے گرفتار کیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق  2002 میں انہوں نے اپنی بیوی فلمسٹارنرگس کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ جس کے بعد ان کے بارے میں خبریں منظرعام پر آنا شروع ہوئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عابد باکسر کو 2015 میں بھی دبئی میں انٹرپول نے گرفتار کیا تھا تاہم وہ اپنے تعلقات کا استعمال کرکے رہا ہوگئے تھے۔


متعلقہ خبریں