اسلام آباد: الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کیس کی سماعت 19 مارچ تک ملتوی کردی گئی ہے۔
بدھ کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی۔
عمران خان کے وکیل شاہد گوندل ایڈوکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ لاہور ہائی کورٹ نے اسٹے آرڈر جاری کررکھا ہے۔ 12 فروری کو لاہور ہائی کورٹ میں ضابطہ اخلاق سے متعلق کیس کی سماعت عاصمہ جہانگیر کی وفات کے باعث نہیں ہوسکی تھی جو اب آٹھ مارچ کو ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر نے شاہد گوندل سے استفسار کیا کہ لاہور ہائی کورٹ میں آپ کا کیس کب تک ختم ہوگا؟
شاہد گوندل ایڈوکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ ہائی کورٹ میں ہم اپنے دلائل مکمل کرچکے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف کیس کی سماعت 19 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ 19 مارچ کو دلائل سن کر ضابطہ اخلاق کیس پر فیصلہ سنائیں گے۔
عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 63 جہلم اور این اے162 ساہیوال کے ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی۔
ن لیگی ارکان کے خلاف بھی این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے کیس کی سماعت 19 مارچ تک ملتوی کردی گئی ہے۔