پاکستان میں غیر معیاری تیل کے خلاف اقدامات کا فیصلہ

پاکستان میں غیر معیاری تیل کے خلاف اقدامات کا فیصلہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: ایوان بالا یعنی سینیٹ کی کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان میں غیر معیاری تیل کیخلاف اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیر موسمیات زرتاج گل نے کہا کہ ائیر کوالٹی بہتر بنانے کے لیے بل وزارت میں پیش کریں تاکہ تمام متعلقہ حکام سے بات چیت کی جاسکے۔

اسد جونیجو کا کہنا تھا کہ ایک بل تیار کیا گیا ہے جس کے بعد درآمد کیے جانے والے پٹرول اور ڈیزل کی کوالٹی چیک کی جاسکے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت پٹرولیم اس بات کی ذمہ دار ہوگی کہ ہر تین سال بعد معیار چیک کرے۔

انہوں نے کہا کہ یوروٹو(معیاری ڈیزل) آ رہا ہے یا نہیں لیکن ہم موجودہ تیل کی کوالٹی سے ہی کاربن کم کرنے کی کوشش کریں گے۔

ڈی جی ای پی اے فرزانہ الطاف کا کہنا تھا کہ پہلے بھی یہ کوشش کی گئی تھی لیکن وزارت پیٹرولیم نے تعاون نہیں کیا اور ہمیں بار بار میٹنگ کے لیے نیا وقت دے دیا جاتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پٹرول میں سلفر کی مقدار بہت زیادہ آ رہی ہے جو انجن کے لیے نقصان دہ ہے اور جب ہم نے اقدامات کرنے کی کوشش کی تو فیول کمپنیز نے بہت شور کیا تھا اور زبان بھی بہت خراب استعمال کی۔

سینیٹر اسد جونیجو نے کہا کہ آپ ان سب کو بلائیں، ہم ان سے بات کریں،  یہ نہیں ہوسکتا کہ وہ جو باہر سے لا رہے ہیں وہی ہمیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیول کمپنیز ماحول کو کیا دے رہی ہیں، تمام اسٹیک ہولڈرز کو بلائیں ہم ان سے بات کریں گے۔


متعلقہ خبریں