آئس کا نشہ ایک اور نوجوان کی جان لے گیا

پشاور: منشیات کے عادی افراد کی تعداد میں اضافے کا انکشاف

لاہور: پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں آئس کا نشہ ایک اور نوجوان کی جان لے گیا۔ 12 ویں جماعت کا طالب علم نشے کی کثرت استعمال  کی وجہ سے جاں بحق ہوا۔ 

لاہور پولیس یونیورسٹی اور کالجز کے طلبہ اور طالبات میں آئس نشے کی فراہمی روکنے میں ناکام نظر آرہی ہے۔

ذرائع کے مطابق جوہر ٹاون کا رہائشی حمزہ محمود دوستوں کے ہمراہ باربی کیو پارٹی میں گیا تھا جہاں آئس نشے کی  کثرت استعمال سےاس کی موت واقع ہوگئی۔

پولیس نے حمزہ محمود کے چچا محمد شاہد کی درخواست پر تھانہ جوہر ٹاون میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ایف آئی آر میں چچا نے الزام عائد کیا کہ ان کے  بھتیجے کو اسامہ ،خواجہ ندیم ،حمزہ نقوی اور دیگر دوستوں نے زبردستی آئس کا نشہ کرایا۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیمی اداروں میں منشیات کا بڑھتا استعمال، سی آئی اے نے کمر کس لی

مدعی کے  مطابق حمزہ محمود کی حالت غیر ہونے  پر دوستوں نے اسے جناح اسپتال متنقل کیا، لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے واقعہ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

یاد رہے کہ لاہور میں آئس کے نشے سے طالب علم کی ہلاکت کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل دو طالبات بھی اسی نشے کے باعث جاں بحق ہوچکی ہیں۔

 


متعلقہ خبریں