یو اے ای کے اقدام پر پاکستان کو مایوسی ہوئی، فواد چوہدری

’حسن اور حسین نواز پیسے بچانے کے لیے نوازشریف اور مریم نواز کو رہا نہیں کررہے‘

  • ’نواز شریف اور مریم نواز بتادیں کہ پیسے کیسے آئے، کل رہا ہوجائیں گے‘

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز دیے جانے پر پاکستان کو مایوسی ہوئی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کا نہیں، عالمی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی قیادت مسلمان بھائیوں کی تکلیف محسوس نہیں کررہی تو کیا کہاجاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں مودی کو اعزاز سے نوازنا پاکستانی معاشی پالیسی کی کمزوری نہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نہیں چاہتا کہ مسئلہ کشمیر پر عالمی قیادت بحث کرے اور اس نے کشمیر کو جیل بنادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا مودی اقدامات کو نازی جرمنی سے تشبیہ دےرہا ہے اور وہ بری طرح پھنس گیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پرپورا بھارت تقسیم ہے اور دنیا وہاں ہونے والے مظالم دیکھ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز بتادیں کہ پیسے کیسے آئے، کل رہا ہوجائیں گے، ان کا مسئلہ یہ ہے کہ حسن اور حسین نواز پیسے لے کر باہر بیٹھ گئے ہیں۔

فواد چوہدری کے مطابق حسن اور حسین نواز پیسے بچانے کے لیے نواز شریف اور مریم نواز کو رہا نہیں کررہے، نواز شریف کا مسئلہ صرف اپنے بچوں کے ساتھ ہے۔


متعلقہ خبریں