مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رہنے چاہئیں، بلاول

’پی ٹی آئی حکومت بالکل ناکام اور نااہل ہے‘

  • ’عوام جانتے ہیں مودی قاتل ہے‘
  • ’اچھی بات ہے حکومت پیپلزپارٹی کے پیچھے چل رہی ہے‘
  • ’مشترکہ پارلیمنٹ کےاجلاس کے دوران مریم نواز کو گرفتار کرلیا گیا‘

گلگت: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارت سے مذاکرات نہ کرنے کے بیان پر کہا کہ مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رہنے چاہئیں۔

اسکردو میں خطاب کرتے ہوئے کشمیر کے معاملے پر بلاول کا کہنا تھا کہ ہمیں بار بار اقوام متحدہ کا دروازہ کھٹکھٹانا چاہیے اور بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے لانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت بالکل ناکام اور نااہل ہے، اگر حکومت بھی حزب اختلاف کا کردار کررہی ہے تو حکمرانی کون کرےگا؟

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں وزارت خارجہ  کو ناکام بنایا گیا جبکہ سفارت کاری جاننے والی شخصیات کو پیچھے چھوڑ دیا گیا۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ بھارتی انتخابات کے دوران پاکستان کے پاس بیانیہ تبدیل کرنےکاموقع تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے نریندر مودی کے حق میں بیان پر بہت نقصان ہوا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’سلیکٹڈ‘ وزیراعظم مسئلہ کشمیر پر مؤثر انداز میں آواز نہیں اٹھا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے وعدے پورے نہیں کیے، وہ جو وعدے کرتے ہیں اس پر یوٹرن لے لیتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پورے پاکستان کے سامنے اپنے آپ کو بے نقاب کردیا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے لیے جگہ جگہ اپنی آواز بلند کروں گا، عوام جانتے ہیں مودی قاتل ہے اور پاکستانی عوام یہ بھی جانتے ہیں ان کا وزیراعظم اہل نہیں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ عمران خان کس منہ سے کشمیر میں انسانی حقوق کےلیے بات کریں گے؟ وہ کیسے مقبوضہ کشمیرمیں جمہوریت کےلیے بات کریں گے؟

انہوں نے کہا کہ جس رات میں مظفرآباد پہنچا اسی رات سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو غیر آئینی طور پر گرفتار کرلیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت حزب اختلاف کو دیوار سے لگانے کی کوشش کررہی ہے، مشترکہ پارلیمنٹ کےاجلاس کے دوران مریم نواز کو گرفتار کرلیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عید کے دن ہمارے مظفرآباد جانے پر حکومت بھی چلی آئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ  حکومت کو پتہ ہی نہیں اسے کیا کرنا ہے، چلو اچھی بات ہے حکومت پیپلزپارٹی کے پیچھے چل رہی ہے۔


متعلقہ خبریں