وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے مابین رابطہ


اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کے مابین ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ 

دفتر خارجہ کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیاہے کہ  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے مابین مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گفتگو کی گئی ۔

بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ اقدامات کے بعد خطے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر بھی تبادلہ  خیال کیا گیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ بیس روز سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن کر رکھا ہے ذرائع مواصلات پر پابندی عائد ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔

وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بتایا کہ راہول گاندھی کی قیادت میں بھارتی اپوزیشن کا وفد ، جب صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سری نگر ائیرپورٹ پہنچا تو انہیں ائیرپورٹ سے واپس بھیج دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے جو رپورٹس سامنے رہی ہیں وہ انتہائی تشویشناک ہیں۔ انسانی جان بچانے والی ادویات اور خوراک کی شدید قلت ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے لوگوں کو بھارتی بربریت سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

وزیرخارجہ نے کہا بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کئے گئے یکطرفہ اقدامات کو پاکستان ، کشمیری عوام اور بھارتی اپوزیشن کے بہت سے رہنما یکسر مسترد کر چکے ہیں۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گیترس نے کہا کہ وہ اس تشویشناک صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اقوام متحدہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل ان دنوں فرانس کے دورے پر ہیں۔

مزید پڑھیں: کشیدہ صورتحال، راہول گاندھی سمیت دیگر سیاستدان مقبوضہ کشمیر روانہ

اس سے قبل اقوام متحدہ نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق فراہم کرے اور وہاں کرفیو، ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کی بندش کو ختم کرے۔

کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اقوام متحدہ کے اعلیٰ ترین فورم پر نوٹس لیا گیا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوتیرس اور انسانی حقوق سے متعلق نمائندے کشمیر کے حالات پر اظہارِ تشویش کرچکے ہیں۔

اقوام متحدہ نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں معمولات زندگی کو بحال کیا جائے اور مقبوضہ وادی میں اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنایا جائے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے کرفیو کا آج 20واں روز ہے مگر حالات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید خراب ہو رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں