کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاون میں بارش کی وجہ سے فارم ہاؤس کی دیوار گر گئی جس کے باعث 7 مگر مچھ بھاگ نکلے۔
ذرائع کے مطابق فارم ہاؤس انتظامیہ نے پولیس اور متعلقہ اداروں کو مدد کے لیے طلب کرلیا ہے جس کے بعد اسٹیل ٹاون پولیس کی نفری وائلڈ لائف عملے کے ہمراہ جائے وقوع پہنچ گئی۔
بتایا گیا ہے کہ اسٹیل ٹاون فلٹر پلانٹ کے قریب فارم ہاؤس میں تمام مگرمچھ موجود تھے کہ اس دوران موسلادھار بارش کی وجہ سے دیوار گرگئی جس کے بعد مگرمچھ باہرنکل گئے۔
پولیس نے وائلڈ لائف اہلکاروں کی مدد سے 5 مگر مچھ پکڑ لیے ہیں جبکہ 2 مگر مچھوں کو مختلف جگہوں پر تلاش کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پانچ مگرمچھوں کو واپس فارم ہاؤس میں پہنچا دیا گیا ہے، بارش کی وجہ سے اسٹیل ٹاون کے مختلف مقامات پر پانی جمع ہے۔
بتایا گیا ہے کہ تاحال مگر مچھوں کی جانب سے کسی کو نقصان پہنچانے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔