چنائی: می ٹو تحریک کا سہارا لینے والی ساؤتھ انڈین اداکارہ کو حراساں کرنے کے الزام میں چنائی کے بزنس مین کو گرفتار کر لیا گیا۔
اداکارہ نے الزام لگایا تھا کہ بزنس مین نے اسے ایک بیرون ملک تقریب کی ڈانس پریکٹس کے دوران حراساں کیا تھا۔ اداکارہ کے مطابق واقعہ ایک معروف کوریو گرافر کے ڈانس اسٹوڈیو میں پیش آیا۔
ساؤتھ انڈین اداکارہ نے می ٹو تحریک کا سہارا لیتے ہوئے سوشل میڈیا پر واقعہ کے خلاف آواز اٹھائی۔ جس میں انہیں کامیابی حاصل ہوئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایک اعلیٰ افسر نے بھارتی نیوز چینل، این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ پولیس نے ملزم کے خلاف خاتون کو جنسی حراساں کرنے کا کیس درج کر لیا ہے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ بزنس مین نے اداکارہ سے غلط کام کرنے کا مطالبہ کیا جس کی تحقیق کی جا رہی ہے۔ الزام ثابت ہونے پر ملزم کو تین سال تک کی قید ہوسکتی ہے۔
تامل اور ملیالم فلموں کی اداکارہ مشہورتامل اداکار وجے کے مدمقابل بھی کام کر چکیں ہیں۔
نوجوان اداکارہ نے واقعہ کے خلاف پولیس میں شکایت درج کی تھی۔ جس پر کاروائی کر کے پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم مبینہ طور پر ایک عرصے سے اداکارہ کا پیچھا کررہا تھا۔
اکتوبر 2017 میں ہالی وڈ اداکار ہاروے ونسٹن پر جنسی حراساں کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔ جس کے بعد شوبز دنیا کی متعدد خواتین نے جنسی حراساں اور تشدد کرنے کے خلاف سوشل میڈیا پر می ٹو نامی تحریک چلائی۔
امریکا سے شروع ہونے والی تحریک نے چند مہینوں میں دنیا بھر کی خواتین کو جنسی طور پر حراساں کیے جانے کے خلاف آواز اٹھانے کا موقع فراہم کیا ہے۔