اسلام آباد: خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے اٹھنے والا مون سون کا سلسلہ ملک میں داخل ہوچکا ہے جن کے باعث آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے متعدد علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کل سے کراچی میں بارش کی تیسری جھڑی کی پیشگوئی کی ہ تاہم یہ گزشتہ دو جھڑیوں سے کمزور ہوگی۔
کراچی کے علاوہ میرپور خاص، ٹھٹھہ، حیدرآباد سمیت زیریں سندھ کے متعدد علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، گلگت بلتستان، کشمیر، ژوب، سبی اور قلات میں بھی بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بنوں، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، مالاکنڈ، راولپنڈی، گجرانوالہ، ٹھٹھہ ڈیویژنز میں کہیں کہیں بارش ہوئی جبکہ ملک کے متعدد علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران منگلہ میں 37، بنوں میں 36، کالام اور کوٹلی میں23، 23، لوئر دیر میں 19، اسلام آباد میں دس، پاراچنار میں آٹھ، کاکل میں پانچ، راولاکوٹ میں چار، مالم جبہ میں تین، بدین میں دو جبکہ استور میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ روز دالبندین میں سب سے زیادہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔