کراچی سمیت ملک کے کئی حصوں میں شدید بارشیں جاری



کراچی: شہرقائد میں مون سون کی دوسری جھڑی جاری ہے اور موسلا دھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ایئر پورٹ روڈ پر سب سے زیادہ 120 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ لانڈھی میں 115 ملی میٹر، شارع فیصل کے اطراف 100 ملی میٹر، سرجانی ٹاون میں 72 ملی میٹر اور میٹ آبزرویٹری اسٹیشن کے اطراف 107 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح پی اے ایف مسرور بیس اور فیصل کے اطراف بھی سو ملی میٹر سے زائد بارش ہو چکی ہے، لیاری ندی اور ملیر ندی میں پانی کا بہاؤ تیز ہو گیا ہے۔

پاور ہاؤس چورنگی، کے ڈی اے چورنگی اور حسن اسکوائر پر پانی جمع ہو جانے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

زیر تعمیر نشتر روڈ پر نالے کا پانی کناروں سے باہر نکل کر پولیس ہیڈ کواٹرز میں داخل ہو گیا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہونے والی مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل آج رات ختم ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایئر پورٹ کے اطراف میں اس وقت بھی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جو شام تک تھم جائے گا، اس کے بعد ہلکی بارش رات دیر گئے تک جاری رہے گی۔

حیدرآباد بھی تیز بارش کی زد میں رہا اور حیدرآباد، لطیف آباد اور قاسم آباد میں کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔

لطیف آباد یونٹ دو، یونٹ گیارہ، حالی روڈ، قاسم آباد میں فیز ون، فیز دو اور گلشن مہران، سٹی میں ریلوے کالونی، امریکن کوارٹرز میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔

ریلوے اسٹیشن، سبزی منڈی، شہباز بلڈنگ، حیدر چوک، رانی باغ، نیاز اسٹیڈیم، سمیت کئی اسکولز، تھانے، اسپتال پانی کی زد میں آ گئے، حیدرآباد کی سڑکیں اور انڈر پاس بھی زیر آب آ گئے ہیں جہاں دو سے تین فٹ پانی جمع ہو گیا۔

ایم ڈی واسا سلیم الدین نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر سے 80 فیصد بارش کا پانی نکال دیا گیا ہے، وحدت کالونی، لطیف آباد انڈر پاسز اور شہباز بلڈنگ میں بھی اب پانی موجود نہیں ہے۔

تاہم ابھی تک اسٹیشن روڈ، ٹھنڈی سڑک، کلاتھ مارکیٹ، حسین آباد، پنجرا پور میں بارش کا پانی ایک فٹ تک موجود ہے۔

کراچی اور حیدرآباد کے بیشتر علاقوں سے بجلی غائب ہو گئی ہے جس کے باعث شہریوں کو بہت پریشانی کا سامنا ہے۔

پنجاب کے کئی علاقوں میں بارش کی جھڑی جاری ہے، چنیوٹ اور گردونواح میں بارش کے باعث متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں، ۔ٹیکسلا اور گردو نواح میں بھی موسلادار بارش نے حبس اور گرمی کا خاتمہ کر دیا۔

اسی طرح نارووال میں بھی تیز بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔

بلوچستان میں جعفر آباد، کوہلو شہر اور ان کے گردونواح میں صبح سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

کوہلو میں لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی مفلوج ہو گیا، درزیوں اور حمام والوں کو شدید دقت کا سامن کرنا پڑ رہا ہے۔


متعلقہ خبریں