کراچی: رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں نے بھاری نفری کے ساتھ عیدالاضحیٰ اور 14 اگست پر امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر سرچ آپریشن کیا ۔
آپریشن میں رینجرز کی بھاری نفری اور النساء فورس کی خواتین نے حصہ لیا۔آپریشن کے دوران 50 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
کراچی کے مختلف علاقوں جمشید ٹاؤن،لائنز ایریا ،ناظم آباد سمیت مجاہد کالونی میں رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے سرچ آپریشن کیا۔سرچ آپریشن کے نتیجے میں 50 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جن کوکوائف کی تصدیق کی جا رہی ہے ۔
سرچ آپریشن میں 600 سے زائدرینجرز جوان اور النساء فورس کی خواتین نے حصہ لیا جبکہ 60 سے زائد موبائل اور موٹر سائیکل آپریشن میں شامل رہے۔
سرچ آپریشن کی نگرانی رینجرز کے اعلیٰ افسران نے کی۔آپریشن کراچی میں امن و امان اور عیدالاضحیٰ اور 14 اگست کےموقع پر امن وامان برقراررکھنے کے حوالے سے کیا گیا۔
آپریشن میں کچھ مشکوک و مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔رینجر اہلکاروں نے مزار قائد کے اطراف ،باغ جناح کے اطراف کی آبادی، پارکنگ پلازہ، پریڈی اسٹریٹ، نیو ایم اے جناح روڈ، خداداد کالونی، اللہ والی چورنگی ، پیپلز چورنگی سمیت مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کیا۔
ذرائع کے مطابق آپریشن میں داخلی خارجی راستوں سے آنے جانے والے تمام افراد اور گاڑیوں کو بھی چیک کیا گیا۔دوسری جانب ناظم آباد اورمجاہد کالونی میں بھی پولیس اور رینجرز نے علاقے میں مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے 3 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: بارش کی پیشگوئی کے بعدصوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے متحرک