سندھ اسمبلی نے مودی سرکار کے فیصلے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی

سندھ: اسٹوڈینٹس یونین بل آج صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائےگا

کراچی: سندھ اسمبلی نے یک آواز ہوکر مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والے مظالم اور خصوصی حیثیت ختم کرنے کے مودی سرکار کے فیصلے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے کی تاخیر سے اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی کی صدارت شروع ہوا ،تمام پارلیمانی جماعتوں کے اراکین نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق مشترکہ قرارداد ایوان میں پیش کی گئی ۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتےہوئے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ مودی سرکار سے کوئی امید نہیں ہے اقوام متحدہ کشمیر میں جارحیت کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے میں کردار ادا کرے۔ سیدمراد علی شاہ کا کہناتھاکہ بھارت انتہائی خطرناک راستے پر چل پڑا ہے۔

اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کا کہناتھاکہ مودی مقبوضہ کشمیر میں ظالم بربریت سے باز آجائے ہم اس پر خاموش نہیں رہ سکتے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کے ایوان بالایعنی راجیہ سبھا میں منظور کئے گئے بل کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی کے اراکین کے ساتھ ساتھ پاکستان تحریک انصاف، جی ڈی اے اور دیگر جماعتوں کے اراکین نے بھی اظہار خیال کیا۔

اس موقع پر مقررین نے بھارت کے اس متنازعہ فیصلے کی نہ صرف شدید تنقید کی بلکہ اسے مسترد کرنے کا اعلان بھی کیا۔

ایوان میں پیش کی گئی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی جس کے بعد اجلاس منگل کو دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل طلب کر لیا گیا


متعلقہ خبریں