مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورت حال پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی اقدامات کو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق جموں و کشمیر سے متعلق اہم فیصلے مقامی لوگوں کی منشا کے بغیر کیے جا رہے ہیں۔ بھارتی اقدامات نے کشمیری عوام کے لئے صورت حال مزید سنگین کر دی ہے۔
Important decisions about #JammuAndKashmir are being decided by the Parliament without absolutely any consultation with the people. pic.twitter.com/XcX1o05tJC
— Amnesty India (@AIIndia) August 5, 2019
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں ایمنسٹی انٹر نیشنل نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں سیاسی احتجاج پر طاقت کا بہیمانہ استعمال کیا جا رہا ہے۔
شہری آزادیوں اور ذرائع مواصلات پر قدغن سے کشیدہ صورتحال مزید خراب ہو گی۔ ایمنسی انٹرنیشنل نے مقبوضہ کشمیر میں ذرائع مواصلات پر مکمل پابندی کو بھی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ادھر بھارتی فورسز کی طرف سے سیز فائر معاہدے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے کے لیے مختلف ممالک کے دفاعی اتاشیوں نے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی کا) دورہ کیا ہے۔ اس اہم دورے کے موقع پرچین، برطانیہ، فرانس، روس اورجرمنی سمیت مختلف ممالک کے دفاعی اتاشی شامل تھے ۔
سفارتی ذرائع کا کہناہے کہ مختلف ممالک کے دفاعی اتاشیوں نےلائن آف کنٹرول کے اس پار بھارت کی جانب سے کلسڑ بموں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا جائزہ لیا۔
مقامی آبادی نے دورہ کرنے والی عالمی برادری کی ٹیم کو آگاہ کیا کہ بھارتی فورسز نے پوری لوئر نیلم ویلی کو نشانہ بنایا جس سے درجنوں افراد زخمی ہوئے۔
سفارتی ذرائع کا کہناہے کہ بھارتی فورسز کی طرف سے ایل او سی پر 2015 سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔اس دوران 1882 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی جس سے 76 افراد شہید 348 زخمی ہوئے۔
بھارتی فورسز کی طرف سے چند دن قبل ہونے والی جارحیت میں لیپا ویلی، ددیال نوسیری، اٹھمقام، شاہ کوٹ مین سینکڑوں کلسٹر بم پھینکے گئے ۔ بھارتی شیلنگ سے اٹھمقام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال تباہ ہوا۔
مقامی آبادی نے دفاعی اتاشیوں کو بتایا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے پھینکے جانے والے کلسٹر بموں سے انسانی جانوں اور مویشیوں کوشدید خطرہ لاحق ہے۔
دفاعی اتاشیوں نے کئی متاثرہ مقامات کا دورہ کرکے مقامی آبادی اور حکام سے صورتحال کی بابت دریافت کیا ۔
واضح رہے کہ بھارت اپنی طرف اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو لائن آف کنٹرول پر نہیں جانے دیتا۔
یہ بھی پڑھیے: بھارت کا وادی نیلم پر کلسٹر ٹوائے بم کے استعمال کا انکشاف