آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےکورکمانڈرز کانفرنس طلب کر لی

پاک افواج ہر طرح کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے تیار ہیں، جنرل باجوہ

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کل کور کمانڈرز کانفرنس طلب کر لی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کور کمانڈر کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے معاملے پر بات چیت ہوگی،  کانفرنس میں لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بھی غور ہو گا۔

ذرائع کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں بھارت کی کسی ممکنہ مہم جوئی کے ردعمل پر بھی بات چیت ہوئی۔

مزید پڑھیں : پاکستان کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا، وزیر اعظم

اس سے قبل بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزیوں اور کلسٹر بموں کے استعمال کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نیول چیف، ایئر چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کے علاوہ وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین خان گنڈا پور، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے شرکت کی۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس میں قومی سلامتی کے امور سمیت مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت عالمی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے تاہم پاکستان ہمیشہ کمشیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہو گا اور کسی بھی بھارتی جارحیت کا قوم کی مدد سے بھرپور جواب دیں گے۔


متعلقہ خبریں