وزیراعظم عمران خان کا  سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو فون


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے  سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو فون کیاہے۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد  کے دورہ پاکستان میں انکے سیاسی ومعاشی تعاون پرشکریہ ادا کیا۔ 

ذرائع کا کہناہے کہ سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان نے  وزیراعظم عمران خان کو دورہ سعودی عرب کی دعوت  بھی دی ۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل کونسل کے اجلاس سے واپسی پرسعودی عرب کا دورہ کریں۔

وزیراعظم  عمران خان نے  سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان سے  پرنس بندر بن عبدالعزیز کے انتقال پراظہار تعزیت بھی کیا۔

دونوں رہنمائوں نے اپنی بات چیت کے دوران  دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کااعادہ کیا۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان نے رواں سال فروری میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

محمد بن سلمان نے پاکستان سے روانگی سے قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ 2030 میں پاکستان چین اور بھارت کے بعد خطے میں بڑی معیشت ہوگی، پاکستان اپنے پڑوسیوں سے فائدہ اٹھاسکتا ہے اور قیادت موجود ہے جو درست سمت میں لے جاسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسا ہوتا نظر آرہا ہے کہ 2018 میں پاکستانی معیشت نے 5 فیصد ترقی کی۔ ہمیں یقین ہے کہ پاکستان میں بہت صلاحیت ہے اور یہ آسانی سے مستقبل میں بڑی معاشی قوت بن سکتا ہے۔

محمد بن سلمان نے کہا کہ ہمیں پاکستان پریقین ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلق ہے اور پاکستان کے ترقی کے سفرمیں اس کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ اور آج جو ہم نے کیا ہے یہ آغاز ہے اور امید ہے کہ مستقبل قریب میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مزید معاہدے بھی ہوں گے۔

سعودی ولی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیں گھر جیسا لگتا ہے۔ دورے کے دوران پاکستان اورسعودی عرب کلے درمیان تعلقات کو بہتربنانے کی کوشش کی۔ ہمیں پاکستان کے مستقبل پریقین ہے۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر سعودی ولی عہد کا شکر گزار ہوں جب کہ پاکستانی قوم آپ سے بہت محبت کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان 2030 تک خطے کی تیسری بڑی معاشی قوت ہوگا، محمد بن سلمان


متعلقہ خبریں