فوجی جوانوں پر دہشتگرد حملے، سیاسی قیادت کا ردعمل


اسلام آباد:شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں پاک فوج اور ایف سی کے دستوں پر ہونے والے دہشتگرد حملوں پر اپنے ردعمل میں  سیاسی قیادت کی طرف سے بھر پور مذمت کی گئی ہے۔ 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے پاک فوج کی بارڈر پیٹرولنگ پارٹی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ شہبازشریف  نے  پاک فوج کے 6 اورایف سی کے 4 جوانوں کی شہادت پر رنج و غم اور افسوس کا اظہارکیاہے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے مادر وطن کے کے تحفظ اور دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ افغانستان اپنے علاقے میں دہشتگردوں کو پاکستان کے خلاف کارروائیوں سے روکے اور ان کا قلع کمع کرے۔

چیرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے شمالی وزیر ستان کے علاقے میں سر حد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے افسر اور جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ سر حد پار سے اس مزموم دہشت گرد حملے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ سرحد پار سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے افغان حکومت کو موثر اقدامات کرنا ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقے میں دشمن کی کاروائی بزدلانہ اقدام ہے۔  شر پسند عناصر پاکستان میں قیام امن کے دشمن ہیں، دہشت گرد اپنے مکروہ عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ قوم دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کے خلاف متحد ہے۔

‏وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے  شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں شہید 10 جوانوں کےاہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے اور کہا ہے کہ بعض عناصر امن کی کاوشوں کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں آج کا سانحہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری افواج اور سیکورٹی ادارے دہشتگردوں کے خلاف برسر پیکار ہیں،ہماری افواج مسلسل جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے جری جوانوں کو آج پوری قوم خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ سرحد پار سے دہشتگردوں کا حملہ تشویشناک ہے،دہشتگردوں کے بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے۔

وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہاہے کہ قوم کے حوصلے بلند ہیں، دہشتگردی کا صفایا ہو کر رہے گا۔ وزیر اعلیٰ کے پی نے سیکیورٹی فورسز کے شہید جوانوں کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے بھی شمالی وزیرستان اور بلوچستان کے علاقے ہوشاب و تربت میں دہشت گردوں کے حملوں کی مذمت کی ہے ۔ سردار عثمان بزدار نےشہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ سرحد پار سے آنے والے دہشت گردوں کا حملہ افسوسناک اورقابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہوشاب وتربت میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن میں شہید کیپٹن سمیت 4جوان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی۔

پیپلز پارٹی کی طرف سے بھی  پاک فوج کے جوانوں پر حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نیربخاری کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ پاک فوج کے جوانوں پر حملہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ وطن کے لئے جان قربان کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

نیر بخاری نے کہا کہ پوری قوم کو وطن کے لئے جان قربان کرنے والے جوانوں پر فخر ہے،دہشتگردوں کے اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے بھی بلوچستان اور شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے پاک فوج پر ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہدا کے ورثا کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ پاک فوج وطن کے دفاع پر قربانیاں دے رہی ہے۔ دہشت گرد ملک و قوم کے کھلے دشمن ہیں انکا خاتمہ ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیے: بلوچستان میں ایف سی اہلکاروں پر دہشتگردوں کا حملہ،افسر سمیت 4 جوان شہید


متعلقہ خبریں