اردوان کا وزیراعظم کو فون، سہ فریقی مکینِزم کی تشکیل کی تجویز


اسلام آباد: ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور پاکستان، ترکی اور ملائیشیا کے درمیان سہ فریقی مکینِزم کی تشکیل کی تجویز دی ہے۔

ترک صدر نے وزیراعظم سے ٹیلیفونک گفتگو میں انہیں مکینِزم کی تشکیل کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے طیب اردوان کی اس تجویز کا خیرمقدم کیا ہے۔

سہ فریقی مکینِزم بنانے کا فیصلہ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کے دورہ ترکی کے دوران کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سہ فریقی مکینِزم کی تکمیل کا مقصد مسلم امہ کے جملہ مسائل کا احاطہ کرنا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ تینوں ممالک مسلم دنیا میں معاشی اور سماجی ترقی کے بھی خواہاں ہیں۔

مہاتیر محمد کے مطابق پاکستان، ترکی اور ملائیشیا ہی مسلمانوں کو ترقی کے راستے پر گامزن کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ وزارئے خارجہ کی سطح پر تینوں ملکوں کے درمیان پہلے ہی سہ فریقی مکینِزم موجود ہے۔ سعودی عرب کے شہر مکہ میں ہونے والے او آئی سی اجلاس کے دوران تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے ملاقات بھی کی تھی۔

پاکستان، ترکی اور ملائیشیا ترقی پذیر ملکوں کی تنظیم ڈی ایٹ کے بھی فعال رکن ہیں۔

عمران خان سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ترک صدر نے پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ کا اظہار بھی کیا ہے جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان افغان مفاہمتی عمل اور مسئلہ کشمیر پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں