عید قرباں: لاہور کی مویشی منڈیوں کی رونق بڑھنے لگی


لاہور:عیدالاضحی کے قریب آتے ہی  قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لیے شہریوں کی تیاریاں زور پکڑنے لگیں، شاہ پور کانجراں منڈی لاہور میں اونٹ، بکرے اور بیل پہنچا دیے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر کے گردو نواح میں دیگر مویشی منڈیاں بھی رونق پکڑ رہی ہیں۔ 

حکومتی اعلان کے مطابق،شہر کے سات مقامات پر سرکاری مویشی منڈیاں تو یکم اگست کو سجیں گی لیکن شاہ پور کانجراں منڈی میں ابھی سے رونقیں بڑھنے لگی ہیں۔ منڈی کے اطراف میں راستے کلیئر کرنے کا کام تیز کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ منڈی کی مانیٹرنگ کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے استعمال کئے جائیں گے،حکام کا کہنا ہے پچیس جولائی تک تمام انتظامات تکمیل کو پہنچیں گے۔

اسسٹنٹ مینیجرشاہ پور کانجراں منڈی منظور نیازی نے ہم نیوز کو بتایا کہ پارکنگ کے ساتھ ساتھ دیگر تمام انتظامات  وقت پر مکمل کرلیے جائینگے۔

دوسری طرف شہری منڈی کا رخ تو کر رہے ہیں تاہم جانوروں کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں سے پریشان ہیں ، خریداروں کو جانور تو پسند آتے ہیں مگر قیمتیں سن کر چپ سادھ لیتے ہیں جبکہ بیوپاری اخراجات پورے نہ ہونے کا رونا روتے نظر آتے ہیں۔

شہریوں نے حکومت سے مویشوں کی قیمتوں کو لگام دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

عید قرباں میں چند روز باقی رہ گئے ہیں اس لیے  شہریوں کا کہنا ہے کہ خواہش ہے کہ بہترین جانور خریدا جائے لیکن انتظامیہ کو چاہیے کہ منڈی میں جانوروں کی خریداری کیلئے معیاری اور بہترین انتظامات یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ جانوروں کے نرخوں پر بھی کنٹرول کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیے: عید الاضحیٰ پر پانچ چھٹیاں متوقع


متعلقہ خبریں