امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ عصمت صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط میں کہا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی قید کی وجہ سےکرب میں مبتلا ہیں، انتہائی رنجیدہ دل البتہ امید سے ایک مرتبہ پھر عافیہ کو بچانے کیلئے آپ سے درخواست کرتی ہوں۔
عصمت صدیقی نے لکھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی پاکستان کی عزت و توقیر کے مترادف ہے،وزیراعظم صاحب آپ کا دورۂ امریکہ میرے سمیت تمام پاکستانیوں کے لئے امید کی کرن ہے، امید ہے آپ عافیہ کی رہائی کا مطالبہ کرنے کے ساتھ اس مسئلہ کا حل نکالیں گے۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ نے لکھا کہ یہ کام ایک حقیقی لیڈر ہی کرسکتا ہے، مجھے آپ سے قوی امید ہے۔
عصمت صدیقی نے اپنے خط میں وزیراعظم کو بیٹے کے طور پر پکارتے ہوئے ٹیلیفونک گفتگو کی بھی یاد دہانی کرائی اور کہا کہ وزیراعظم صاحب آپ اس تاریکی میں امید کی کرن ہیں،عافیہ صدیقی کی رہائی فرد واحد کا نہیں پوری قوم کا مسئلہ ہے۔ ہمیں دنیا پر باور کرانا ہے کہ ہم بیٹی بیچنے والے نہیں غیرت مند پاکستانی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ امریکہ و بھارت اپنے دہشت گرد ایجنٹوں کو بچانے کے لئے میدان میں آسکتے ہیں تو ہم اپنی بیٹی کو کیوں نہیں بچاسکتے؟عافیہ صدیقی امن و محبت کی داعی اور وزیراعظم صاحب آپ کو اپنا ہیرو سمجھتی ہے۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ نے اپنے خط میں وزیراعظم عمران خان کے لیے حوصلے، ہمت اور قوم کی صحیح ترجمانی کی دعائیں بھی کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ’وزیراعظم عمران خان کا دورۂ امریکہ شیڈول کے مطابق ہوگا’