سندھ کے معروف سیاسی خاندان کے اثاثے منجمد کردیے گئے، فردوس عاشق


وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سندھ کے معروف سیاسی خاندان کے اثاثے منجمد کردیے گئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ  ٹوئٹر پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹیکس کمشنر بے نامی زون کراچی نے سندھ کے معروف سیاسی خاندان کی بے نامی جائیدادوں اور حصص کی بے نامی قانون کے تحت اٹیچمنٹ(Attachment) کردی ہے۔یہ اقدام ابھرتے ہوئے نئے پاکستان کی جھلک ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب کوئی چیز بے نامی نہیں رہے گی۔تاریخ میں پہلی بار قانون پر عمل درآمد ہونے جارہا ہے جس سے ملک میں کالے دھن کا دور ختم ہوگا۔ ایف بی آر کی ایڈجیوٹنگ اتھارٹی بے نامی ٹرانزیکشنز میں چیئرمین، ممبران تعینات اور بےنامی زونز میں ٹیکس کمشنرز مقرر کر دیئے گئے ہیں۔

 

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل سے کھیلنے والوں کا مستقبل تاریک ہوچکا ہے۔ مغلیہ شاہی خاندان کے خلاف علم بغاوت کا مطلب نئے پاکستان کے قافلے، نظریے اور قیادت پر اعتماد ہے۔

دوسری طرف سابق صدر آصف علی زرداری نےوفاقی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تو گاڑیوں پر بھی ٹیکس لگا دیا گیا ہے، ان سے ملک نہیں چل رہا،  ایسے لگتا ہے بندر کے ہاتھ میں استرا آ گیا ہے۔

سابق صدر آصف زرداری نے یہ بات آج احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہی ہے ۔

انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کی گرفتاری پر اپنا ردعمل بھی دیاہے ۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کے ساتھ جو ہوا وہ ظلم ہے، اس کی مذمت کرتا ہوں، ان پر لگایا جانے والا الزام انتہائی بھونڈا ہے۔

سابق صدرآصف علی زرداری  نے سوال اٹھایا کہ کیا رانا ثناءاللہ اپنی گاڑی میں منشیات لے کر جائیں گے؟

انہوں نے کہا کہ ان  پر بھی ایسا ہی منشیات کا کیس بنایا گیا تھااور انہیں اس  کیس سے نکلتے نکلتے 5 سال لگ گئے، آصف زرداری نے کہا کہ انکے کیس میں برآمدگی کوئی نہیں تھی، اس کیس میں ڈالی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ایسے لگتا ہے بندر کے ہاتھ میں استرا آ گیا ہے، آصف زرداری


متعلقہ خبریں