موجودہ وزیراعظم چھپکلی سے ڈرتاہے،آصف زرداری

آصف زرداری سے آصفہ بھٹو، سراج درانی اور مراد علی شاہ سمیت دیگر کی ملاقات

فائل فوٹو


اسلام آباد: سابق صدرآصف علی زرداری نےآج اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافی کے سوال کے جواب میں دلچسپ و عجیب بات کہہ دی ، کہا موجودہ وزیراعظم چھپکلی سے ڈرتاہے۔

ایک صحافی  نے سوال کیا زرداری صاحب، چھپکلی سے کونسا وزیراعظم ڈرتا ہے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ آپ کا موجودہ وزیراعظم ڈرتا ہے،اس وزیراعظم کو ایک دن تھانے میں بند کرو اور ایک چھپکلی چھوڑو پھر دیکھو کیسے ٹھیک ہوتا ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں مبینہ جعلی بنک اکاؤنٹس  کیس کی سماعت کے دوران آصف زرداری نے اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کے بیٹے عبد المجید غنی کو اپنے ساتھ بٹھائے رکھا۔

ایک موقع پر آصف زرداری اٹھ کر جج کے سامنے پیش ہوئے اورکٹہرے میں کھڑے انور مجیدکے بچوں کی طرف دیکھ کر  کہاکہ جو کیس بنانا ہے ضرور بنائیں لیکن ان بچوں کے ساتھ رویہ تو بہتر رکھیں، یہ پڑھے لکھے بچے ہیں ان سے بہتر رویہ رکھا جائے۔

سابق صدر نے عدالت میں کہا کہ جیل میں بہت رہا ہوں، جیل میں بھی ایسا سلوک نہیں ہوتا، یہ وائٹ کالر کرائم ہے، یہ بچے پڑھے لکھے ہیں، نیب کم سےکم سلوک تو اچھا کرے، عدالت جو بھی فیصلہ کرے مگر سلوک اچھا رکھیں۔

اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا نیب نے ان ملزمان کو ہتھکڑی لگا رکھی ہے؟

نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ ہتھکڑی جیل حکام کی طرف سے لگائی گئی ہے کیونکہ انہیں جیل سے یہاں لایا گیاہے۔

آصف زرداری نے جواباً کہا کہ یہ ڈکیت نہیں اور نہ ہی  ملک دشمن عناصر ہیں، اس پر جج ارشد ملک نے سابق صدر سے مکالمہ کیا کہ یہ سماج دشمن عناصر ہیں۔

جج ارشد ملک نے دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس تین ملزم آئے تھے میں نے انہیں سماج دشمن عناصر کہا تھا، وہ ملزمان میرے سامنے آئے اور بولے ہم سماج دشمن نہیں بلکہ ہم اناج دشمن ہیں۔

جج کی طرف سے سنائے گئے اس واقعے پر کمرہ عدالت میں قہقہے گونجنے لگے۔

دورانِ سماعت ملزم عبدالغنی مجید نے میڈیکل سہولیات کی درخواست دی اور کہا کہ نیب نے اسپتال سے اٹھایا ہے، طبی سہولیات دی جائیں۔

ملزم کی استدعا پر جج نے کہا کہ نیب ہیڈ کوارٹر کو کسی اسپتال میں ہی منتقل نہ کردیں؟ کوئی اندر سےخود کنڈی لگا کر دو دن بیٹھا رہےاس کی طبیعت خراب نہیں ہوتی، جب یہ پتہ چلے کنڈی باہر سے کوئی لگاگیا ہے تو دل گھبراجاتا ہے۔

جج ارشد ملک نے مزید کہا کہ اس کیس میں بھی ایسا ہی ہورہا ہے،گرفتار ہوکر بیمار ہوجاتے ہیں۔

جج کے ریمارکس پر آصف زرداری نے کہا کہ ایسے بھی ہم کمزور نہیں صاحب، وہ اور لوگ ہوتے ہوں گے جوڈرتے ہیں، میں نے 13سال قید تنہائی کاٹی ہے، مولا کا کرم ہے مجھے کچھ نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیے:ایک ہی بار 90دن کا ریمانڈ دے دیں،آصف زرداری کا جج سے مکالمہ

جج ارشد ملک نے جواب دیا کہ سب لوگ ایک جیسے نہیں ہوتے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 8 جولائی تک ملتوی کردی۔


متعلقہ خبریں