عالمی کپ 2019 کے سب سے بڑے میچ پاکستان بمقابلہ بھارت نے سوشل میڈیا کے بڑے پلیٹ فارم میں ٹوئٹس کا منفرد ریکارڈ قائم کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 16 جون کو کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو یک طرفہ مقابلے کے بعد شکست دی تھی، اس میچ کے دوران سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لوگوں نے مختلف ہیش ٹیگز کے ساتھ 29 لاکھ ٹوئٹس کیں۔
اس بڑے مقابلے کو لے کر بھارت کی جانب سے کئی گئی ٹوئٹس کی تعداد نسبتاً پاکستانی شائقین سے زیادہ تھی۔
بھارتی شائقین کی جانب سے #TeamIndia کے حوالے سے ٹوئٹس کی گئی جبکہ پاکستانیوں نے #WeHaveWeWill کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے جوابی ٹوئٹس کیں۔
بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف میچ کے دوران تیز ترین گیارہ ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تو ٹوئٹر پر شائقین کی جانب سے انہیں مبارک باد دینے کے پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
وجے شنکر کی جانب سے پہلی گیند پر وکٹ حاصل کرنے کا لمحہ بھی ٹوئٹر پر بہت چلا جبکہ روہت شرما کی سنچری بھی ٹوئٹر پر بحث کا حصہ رہی۔