اپوزیشن سیاسی منافقت کا شکار ہے، فردوس عاشق اعوان

اپوزیشن سیاسی منافقت کا شکار ہے، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا پیغام جعلی اکاؤنٹس ہولڈرز، ٹیکس چورں اور بے نامی داروں کے نام تھا۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے جاری کردہ بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ 30 جون سے قبل اپوزیشن کی چیخیں چور کی داڑھی میں تنکا کے مصداق ہیں اور اس بات کی غمازی ہے کہ وزیراعظم کا مؤقف درست ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن سیاسی منافقت کا شکار ہے جب کہ اپوزیشن قائدین جیل کے ڈر سے اجتماعی بیماری میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

وزیراعظم کی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کی اپیل

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے قرضے بیرون ملک جائیدادیں بنانے کے لیے لیے جب کہ عمران خان ان کے لیے ہوئے قرضوں کی ادائیگی کے لیے قرض لے رہے ہیں۔

انہوں نے صنعت کاروں، تاجروں اور عوام سے اپیل کی کہ وزیراعظم کے پیغام کا جواب اثاثے ظاہر کر کے دیں اور ٹیکس ریفارمز ایجنڈے کا حصہ بنیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن سے جب بھی کرپشن کی بات کریں تو وہ وزیراعظم کی ذات پر حملہ کر دیتی ہے۔

اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک جانب اپوزیشن دعویٰ کرتی ہے کہ ہمارے منصوبے چوری کیے جارہے ہیں تو دوسری جانب انہی منصوبوں پر تنقید بھی کرتی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مشورہ دیا کہ اپوزیشن قائدین اور ترجمان ’کرپشن کنگز‘ کی قیصدہ گوئی کرنے کے بجائے عوام کی چوکیداری کریں۔

اپوزیشن کا عمران خان سے اثاثے ظاہر کرنے کا مطالبہ

انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن وزیراعظم عمران خان پر عوام کے اعتماد کی وجہ سے حسد اور بغض کا شکار ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ ملک میں معاشی صورتحال بہتر ہو کیونکہ معیشت ٹھیک ہو گئی تو اپوزیشن کا سیاسی پتہ کٹ جائے گا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن قائدین اپنے مفرور اور بیرون ملک چھپے ہوئے رہنماؤں، دامادوں اور بچوں کو پاکستان واپس لائیں اورعدالتوں میں پیش کریں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ماضی گواہ ہے کہ پارلیمنٹ میں کھٹرے ہو کر جھوٹ بولنا شریف برادران کا شیوہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا پارلیمنٹ میں بولا گیا چھوٹ عدالت نے پکڑا اور جن کو پاکستان کی سب سے بڑی عدالت نے جھوٹا قرار دیا ان کا عمران خان پر انگلی اٹھانا بے معنی ہے۔


متعلقہ خبریں