شکیب کی سنچری رائیگاں، انگلینڈ 106 رنز سے کامیاب


ورلڈ کپ 2019 کے 12ویں میچ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو با آسانی 106 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا دیا۔

انگلینڈ کے 387 رنز  ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کے تمام کھلاڑی 48 ویں اوور میں 280 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے شاندار سنچری اسکور کی، انہوں نے 119 گیندوں ہر 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 121 رنز بنائے،دیگر کھلاڑیوں میں مشفیق الرحیم 44 اور محموداللہ 24 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

انگلیڈن کی جانب سے جوفرا آرچر اور بین اسٹوکس نے تین تین جبکہ مارک ووڈ نے دو اور پلنکٹ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کارڈف کے میدان میں کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش کا ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بلے بازی کی دعوت دینا مہنگا پڑ گیا۔

انگلینڈ کی جانب سے جونی بیئرسٹو اور جیسن رائے نے اننگز کا آغاز کیا اور اسکور کو 128 تک لے گئے۔

20ویں اوور کی دوسری گیند پر بیئرسٹو 51 رنز بنا کر مشرف مرتضیٰ کی گیند پر مہدی حسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ان کے بعد جو روٹ اور جیسن رائے نے انگلینڈ کی اننگز کو آگے بڑھایا، جیسن رائے نے 27ویں اوور میں سنچری بنائی، انہوں نے 93 گیندیں کھیلیں۔

بعد ازاں جیسن روئے 153 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ان کی اننگز میں 14 چوکے جب کہ 5 چھکے شامل تھے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن اور سیف الدین نے دو دو جبکہ مشرفی مرتضی اور مستفیض الرحمن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش نے ورلڈ کپ میں اس سے قبل دو میچ کھیلے ہیں جن میں سے ایک جیتا اور ایک ہارا ہے، پوائنٹس ٹیبل پر اس کی پوزیشن آٹھویں ہے۔

انگلینڈ نے بھی دو ہی میچ کھیلے ہیں جن میں اسے ایک میں فتح اور دوسرے میں شکست نصیب ہوئی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر وہ چھٹے نمبر پر ہے۔

اب تک جنوبی افریقہ نے تین میچ کھیلے ہیں اور تینوں میں ہی اسے شکست ہوئی ہے جبکہ افغانستان نے اب تک کھیلے گئے دونوں میچوں میں شکست کا سامنا کیا ہے۔

نیوزی لینڈ اپنے دونوں میچ جیت کر پہلے نمبر پر ہے۔


متعلقہ خبریں