ورلڈ کپ: پاک سری لنکا میچ منسوخ ہونے کا خدشہ


عالمی کپ 2019 میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کل بروز جمعہ ہونے والا میچ بارش کی نذر ہو جانے کا خدشہ ہے۔

برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ برسٹل میں جون کی پانچ اور چھ تاریخ تک سورج نکلے گا جب کہ جمعہ سے لیکر آئندہ آنے والا پورا ہفتہ اس شہر میں بارشیں ہوں گی۔

محکمہ موسمیات نے کل بروز جمعہ سات جون کو برسٹل میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے جس کی وجہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین میچ منسوخ بھی ہو سکتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ برسٹل میں صبح 7 بجے سے لے کر دن 1 بجے تک بارش ہونے کا امکان 90 فیصد ہے جس میں بدستور اضافہ ہوتا چلا جائے گا۔

یاد رہے پاکستان کو عالمی کپ کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس سے قومی ٹیم کا رن ریٹ بری طرح متاثر ہوا۔

اس شکست کے بعد قومی ٹیم نے عالمی کپ کی فیورٹ ٹیم انگلینڈ کو اپنے دوسرے میچ میں شکست دے کر دو قیمتی پوائنٹس حاصل کر لئے تاہم رن ریٹ میں زیادہ بہتری نہیں آئی۔

اگر کل پاک سری لنکا میچ منسوخ ہوتا ہے تو پاکستان کی عالمی کپ کے سیمی فائنل تک رسائی مزید مشکل ہو سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں