فٹ بال لیجنڈ ڈیاگو میراڈونا نے انگلش پریمئر لیگ کے ایک بڑے مگر مسائل سے دوچار کلب مانچسٹر یونائٹیڈ کو کوچنگ کی پیشکش کر دی ہے۔
ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے 58 سالہ میراڈونا اس وقت میکسیکو کی دوسرے سطح کی لیگ ٹیم کے کوچ ہیں تاہم انہوں نے انتہائی پراعتماد انداز میں دنیائے فٹ بال کے بڑے کلب کو کوچنگ کی پیشکش کی ہے۔
فٹ بال کے ایک مقامی میگزین کے مطابق میراڈونا نے کہا ہے کہ وہ مانچسٹر یونائیٹڈ کو مشکلات سے نکال کر ٹرافیاں جتوائیں گے۔
انہوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے کھلاڑی پال پوگبا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ محنت نہیں کرتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ دنیا بھر میں مانچسٹر یونائیٹڈ اپنے کلب کی شرٹس بڑی تعداد میں فروخت کرتا ہے مگر اب وقت آ گیا ہے وہ کچھ ٹرافیاں بھی اپنے نام کرے اور اس سلسلے میں میری خدمات حاضر ہیں۔
میراڈونا نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے انگلش پریمئر لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ ہی میرا پسندیدہ کلب رہا ہے جس میں فٹ بال کی دنیا کے بڑے کھلاڑیوں نے کھیلا ہے۔
ایک وقت تھا جب اس کلب میں کوچ فرگوسن کے زیر نگرانی ایک بڑی ٹیم کھیلتی تھی تاہم اب مانچسٹر سٹی میری پسندیدہ ٹیم ہے۔