’سرفراز احمد عالمی معیشت کی کایا پلٹ سکتے ہیں‘


پاکستان کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف یادگار فتح پر پورے ملک نے جشن منایا۔

جہاں شائقین قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی کی تعریف کرتے نہیں تھک رہے تھے  وہیں بین الاقوامی کرکٹرز نے بھی بھرپور انداز میں قومی ٹیم کی پذیرائی کی۔

پاکستانی وزیراعظم اور ماضی کے عظیم کھلاڑی اور کپتان عمران خان نے پاکستان ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وارم اپ اور پہلے میچ میں ناقص کارکردگی کے بعد واپس فارم میں واپس آنا خوش آئند ہے۔

انہوں نے ٹیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ میں ٹیلنٹ ہے صرف اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں کہ آپ ٹورنامنٹ جیت سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم پر انعامات کی بارش

ماضی کے عظیم فاسٹ بولر اور کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ اس سے اچھا سالگرہ کا تحفہ انہیں نہیں مل سکتا تھا، پاکستانی ٹیم نے اس دن کا مزہ دوبالا کردیا۔

سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے سرفراز احمد کی کپتانی کی تعریف کی اور کہا کہ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں نے دباؤ کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم کی کارکردگی شاندار تھی تاہم حفیظ، بابر اور سرفراز کی بلے بازی جبکہ وہاب ریاض اور شاداب خان کی بولنگ بہت اچھی رہی۔

بولنگ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ میں نے 10 اچھی گیندوں کی بات کی تھی لیکن آپ (ٹیم) نے تو یہ کارنامہ نو گیندوں میں ہی کردکھایا!

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ: بھارت کے پہلے میچ سے قبل اہم کھلاڑی کا ڈوپ ٹیسٹ

انہوں نے شائقین سے درخواست کی کہ وہ ٹیم کی حمایت جاری رکھیں۔ اس موقع پر انہوں نے عید کی مبارک باد بھی دی۔

ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ بولر اور مایہ ناز کمنٹیٹر آئن بِشپ نے کہا کہ اگر آپ اجازت دیں تو سرفراز احمد عالمی معیشت کی کایا پلٹ سکتے ہیں۔

سابق بھارتی بلے باز وی وی ایس لکشمن نے پاکستانی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے اسے حیرت انگیز فتح قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ لگاتار 11 میچز ہارنے والی ٹیم نے انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیم کو زیر کردیا۔

دیگر کئی موجودہ اور ماضی کے کھلاڑیوں نے بھی پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کا سراہا۔


متعلقہ خبریں