اسلام آباد:عمران خان اور اشرف غنی کی ملاقات27 جون کو ہوگی

افغان فورسز کو جارحانہ آپریشن کرنے کے احکامات

فوٹو: فائل


کابل: افغانستان کے صدر اشرف غنی نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے آئندہ ملاقات 27 جون کو اسلام آباد میں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل سعودی عرب میں وزیراعظم پاکستان سے ان کی ملاقات مثبت رہی ہے۔

افغان نشریاتی ادارے ’طلوع نیوز‘ کے مطابق انہوں نے عیدالفطر کے پر مسرت موقع پر 887 قیدیوں کی رہائی کا بھی اعلان کیا۔

اشرف غنی نے ملک میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں افغان سیکیورٹی فورسز اور سرکاری اہلکاروں کو مکمل طور پر غیر جانبدار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کو شفاف اور آزاد ماحول میں ہونا چاہیے۔

انہوں نے افغان سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگلے مورچوں پر موجود باہمت اور جرات مند سپاہیوں کی وجہ سے لوگ محفوظ ہیں۔

وزیراعظم کی افغان، مصری صدر سے ملاقاتیں

وزیراعظم عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان چند روز قبل سعودی عرب میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے پرامن اور مستحکم افغانستان کے عزم کو دہرایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے سیاسی حل کے لیے صرف افغانوں کی شمولیت والا امن عمل ناگزیر ہے۔

عمران خان نے جنوبی ایشیا کی ترقی پر اپنا نقطہ نظر بھی افغان صدر کو بتایا تھا جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان سیکیورٹی، تجارت اور انرجی سمیت کئی دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے ہوا تھا۔

وزیراعظم نے اس امر کا بھی اظہار کیا تھا کہ افغانستان میں قیام امن سے خطے کا امن جڑا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ملک میں قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔


متعلقہ خبریں