مکی آرتھر پاکستان کی ورلڈ کپ میں واپسی کیلئے پرامید


ناٹنگھم: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ناقص کارکردگی کے بعد ان کی ٹیم ورلڈ کپ میں واپسی کرے گی۔

گزشتہ روز پاکستانی ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

قومی ٹیم محض 105 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز نے یہ ہدف 14ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

مزید پڑھیں: شارٹ پچ گیندوں پر کمزوری، آرچر پاکستان کیلئے بڑا خطرہ قرار

مکی آرتھر نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں پاکستان کے ٹورنامنٹ میں آغاز کو ’حیران کن‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو جو پریکٹس کروائی گئی تھی انہوں اس پر عمل درآمد نہیں کیا تاہم ہم ٹورنامنٹ میں واپسی کریں گے۔

پاکستان شکست میں کلیدی کردار ویسٹ انڈیز کے طویل القامت فاسٹ بولرز کا تھا جنہوں نے پاکستانی بیٹنگ کو تباہ کردیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوشین تھامس نے چار، کپتان جیسن ہولڈر نے تین جبکہ آندرے رسل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مکی آرتھر نے کہا کہ ہم جانتے تھے کہ ہمیں شارٹ پچ گیندیں کروائی جائیں گی اور اس حوالے سے تیاری بھی کی تھی، مایوس کن بات یہی تھی کہ تیاری کے باوجود ہم اس انداز میں کھیلے۔

انگلینڈ کے خلاف میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں انگلینڈ کتنی مضبوط ٹیم ہے لیکن ہم بھی اب سخت جان ہوگئے ہیں۔


متعلقہ خبریں