شاندار بولنگ کے باوجود عامر تنقید کی زد میں


ناٹنگھم: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے محمد عامر کی ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں شاندار بولنگ کے باوجود انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وہ ابھی بھی محمد عامر کی بولنگ فارم کو لے کر فکر مند ہیں۔

’آپ کہہ سکتے ہیں کہ میچ میں پاکستان کا ایک مثبت پہلو محمد عامر کی بولنگ تھی جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں لیکن میں ابھی بھی ان کی بولنگ فارم کو لیکر فکر مند ہوں۔‘

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ٹیم 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی لیکن اس کے باوجود عامر کی بولنگ میں جان نظر نہیں آئی۔

’آپ کی ٹیم 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی ہے اور آپ کا صف اول کا فاسٹ بولر پہلا اوور کروا رہا ہے اور اس کی گیندوں کی اوسط رفتار 81 میل فی گھنٹہ ہے۔‘

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ محمد عامر کی گیند میں نہ تیزی دکھائی دی اور نہ ہی سوئنگ، مخالف ٹیم ایسی بولنگ کو دیکھ کر پرسکون ہوجاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’ملالہ سے ہی بیٹنگ کروالیتے۔۔۔‘

’آپ کو دوسری ٹیم کو یہ تاثر دینا ہوتا ہے کہ کم اسکور کے باوجود ہم یہاں لڑنے آئے ہیں اور مقابلہ کریں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر کے برعکس حسن علی 88-89 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کررہے تھے۔

ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ کرس گیل نے اپنے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عقل مندی سے بیٹنگ کی۔

مصباح کا کہنا تھا کہ گیل نے ابتدا ہی میں اندازہ لگا لیا کہ پچ میں باؤنس ہے تو لمبے قد کے بولرز کو محتاط انداز میں کھیلنا پڑے گا، اسی وجہ سے انہوں نے حسن علی کو ہدف بنایا۔


متعلقہ خبریں