’محمد عامر کو اچھی گیند بازی کرتے دیکھ کر خوشی ہوئی‘


ناٹنگھم: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں مایوس کن کارکردگی پر افسوس کا اظہار کیا تاہم فاسٹ بولر محمد عامر کی گیند بازی پر خوش نظر آئے۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد عامر نے اچھی گیند بازی کی جس پر خوشی ہوئی۔

مایوس کن کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب آپ ٹاس ہار کر میچ کے آغاز میں ہی اتنی وکٹیں کھو بیٹھیں تو میچ میں واپسی بہت مشکل ہوجاتی ہے۔

پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں پچ تھوڑی مشکل تھی تاہم اس کے بعد یہ ایک اچھی بیٹنگ وکٹ بن چکی تھی، ہم نے اچھی بلے بازی نہیں کی۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ آگے آنے والے میچوں میں پاکستانی ٹیم کم بیک کرے گی۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہم جانتے تھے کہ ان کے (ویسٹ انڈیز) کے پاس اچھے فاسٹ بولرز ہیں اور وہ جارحانہ بولنگ کریں گے، ہم نے ان کی باؤنسرز کو اچھے انداز میں نہیں کھیلا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی ذلت آمیز شکست، سوشل میڈیا پر مزے مزے کے تبصرے

انہوں نے تماشائیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ میں پاکستان کو ہمیشہ بہت سپورٹ ملتی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ ٹورنامنٹ میں آگے بھی جاری رہے۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے کپتان کا کہنا تھا کہ بولرز اور بلے بازوں دونوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ایک فتح کے ساتھ ورلڈ کپ کا آغاز کرنا چاہتے تھے اور ہم ایسا کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم بے خوف ہوکر کرکٹ کھیلیں گے اور ہمیں سپورٹ کرنے والوں کے سر فخر سے بلند کریں گے۔


متعلقہ خبریں