لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کی ہے جن کے مطابق بورڈ نے چیف سیلیکٹر انضمام الحق اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق کچھ ہفتوں قبل بورڈ نے بیان جاری کیا تھا جس کے مطابق چیف سیلیکٹر، ہیڈ کوچ اور سپورٹ اسٹاف کے مستقل کا فیصلہ عالمی کپ 2019 کے بعد کیا جائے گا۔ پی سی بی کے اس مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
مزید پڑھیں: پاکستان کا ویرات کوہلی کون؟ مائیکل کلارک نے بتا دیا
پی سی بی نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی خبر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خبر کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا۔
اعلامیے میں خبر کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ مہم متاثر کرنے کی کوشش قرار دیا گیا جس کے باعث پاکستانی کیمپ میں غیر ضروری بدمزگی پیدا ہوئی۔
پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ بورڈ چیف سلیکٹر، کوچ اور سپورٹ اسٹاف کی مکمل حمایت کرتا ہے اور ورلڈ کپ کے دوران کرتا رہے گا۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل مقامی میڈیا پر یہ خبر منظر عام پر آئی تھی کہ انضمام الحق کو مکی آرتھر کے متبادل کے طور پر انگلینڈ بھیجا گیا ہے اور ہیڈ کوچ کو سائیڈ لائن کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔