پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سی ای او رچرڈ مورن مستعفیٰ



کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) رچرڈ مورن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

رچرڈ مورن کو 7 نومبر 2017 کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا سی ای او تعینات کیا گیا تھا جس کی بورڈ آف ڈائریکٹرز نے متفقہ منظوری دی تھی۔ پہلی دفعہ کسی غیر ملکی کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا سی ای او بنایا گیا تھا۔ جس پر بروکرز کی جانب سے اعتراض بھی اٹھائے گئے تھے۔

اسٹاک مارکیٹ کی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی اکثریت نے ان پر پہلے ہی تحفظات کا اظہار کر رکھا تھا۔

رچرڈ مورن خلاف ضابطہ پاکستان میں ملازمت کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی اپنا ذاتی کاروبار کر رہے تھے اور ان کی توجہ اسٹاک ایکسچینج کے بجائے اپنی کمپنی کی طرف زیادہ تھی۔ جس پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج بورڈ نے انہیں شوکاز نوٹس بھی جاری کیا تھا اور وہ بورڈ کو مطمئن نہیں کر سکے تھے۔

یہ بھی پڑھیں اسٹاک مارکیٹ: سرمایہ کاروں کو دس روز میں چھ کھرب کا نقصان

سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی) نے رچرڈ مورن کو ذمہ داری سونپی تھی کہ وہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے ریٹیل انویسٹرز کی تعداد 25 لاکھ تک لائیں گے اور اسٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ کو انٹرنیشنل اسٹینڈرڈز کے مطابق ٹریننگ دیں گے جبکہ اسٹاک مارکیٹ میں نئی پراڈکٹس بھی لانا تھا لیکن وہ ایسا کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے تھے۔

اس سے قبل اپنے پیشہ ورانہ کیریئر میں رچرڈ مورن نے ڈیریویٹو مارکیٹ، سینٹرل ڈپوزٹریز، کلیئرنگ سسٹم، حکومتی سیکیورٹیز مارکیٹ اور انویسٹمنٹ ایڈوائزری سمیت مالیاتی مارکیٹ کے کئی شعبوں میں خدمات انجام دی تھیں۔


متعلقہ خبریں