‘بھارتی ٹیم پاکستان کیخلاف میچ سے دستبردار ہونے کیلیے تیار رہے’


بھارتی جنتا پارٹی(بی جے پی) کے نومنتخب رہنما اور سابق کھلاڑی گوتم گھمبیر نے اپنی کرکٹ ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان  کے خلاف میچ سے دستبردار ہونے کے لیے تیار رہے۔

انہوں نے مقامی ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے خلاف میچ نہ کھیلنے کی تجویز پیش کردی گئی ہے جس میں کہا ہے کہ اگر دونوں ٹیموں کا سامنا فائنل میں بھی ہو تو بھارت کو وہ میچ نہیں کھیلنا چاہیے۔

گزشتہ روز بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے سوال کے جواب میں کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ بورڈ نے کرنا ہے اور ہم اس بارے میں کوئی سوچ نہیں رکھتے۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ منسوخ نہیں ہوگا، آئی سی سی

یاد رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ2019 میں پاکستان اور بھارت کا پہلا میچ 16 جون کو طے ہے اور اس مقابلے کے ٹکٹس بھی فروخت ہوچکے ہیں۔

قبل ازیں بھارت کے سب سے پرانے کرکٹ کلب آف انڈیا نے پلوامہ حملے کے بعد قومی کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا تھا کہ 16 جون 2019 کو بھارت پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ میچ کا بائیکاٹ کرے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے دو روز بعد ہی اعلان کیا تھا کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں پاک بھارت میچ منسوخ نہیں کیا جائے گا۔

آئی سی سی نے کہا تھا کہ ورلڈ کپ کا کوئی میچ منسوخ نہیں ہوگا اور تمام مقابلے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔


متعلقہ خبریں