پڈعیدن:مال گاڑی الٹ گئی،کراچی سے ٹرینوں کی آمد و رفت معطل

پڈعیدن: مال گاڑی الٹ گئی، ٹرینوں کی آمد و رفت معطل

۔—فائل۔


نوشھروفیروز: پڈعیدن کے قریب مال گاڑی کو پیش آنے والے حادثے کے باعث کراچی سے آنے اور جانے والی ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر روکنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ ٹرینوں کی بحالی کے عمل میں کتنا وقت درکار ہوگا؟ ریلوے حکام اس ضمن میں فی الوقت خاموش ہیں۔ہم نیوز کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی مال گاڑی ٹریک سے اتر گئی ہے۔ ریلوے کی جانب سے فراہم کردہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مال گاڑی کی 14 بوگیاں پٹری سے اتری ہیں۔

ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی مال گاڑی میں کنٹینرز لوڈ تھے جو کراچی سے لاہور لے جائے جارہے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق پیش آنے والے حادثے کے باعث اپ اور ڈاؤن ٹریک بند ہوگئے ہیں۔ ریلوے حکام کی جانب سے امدادی ٹرین روہڑی سے متاثرہ مقام کی جانب روانہ کردی گئی ہے۔

ریلوے کے ذمہ دار ذرائع نے مزید تفصیلات فی الوقت فراہم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کراچی سے آنے اور جانے والی ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روکنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

مسافر ٹرینوں کی بحالی میں کتنا وقت درکار ہوگا؟ اور مسافروں کو رمضان المبارک میں پیش آنے والی تکالیف سے بچانے کے لیے کیا اقدامات اٹھائے جائیں گے؟ جیسے سوالات کے جوابات فی الحال ریلوے حکام نے دینے سے معذرت کی ہے۔

 

 

 

 


متعلقہ خبریں