سیاست دانوں کی جانب سے کوئٹہ دھماکے کی مذمت


کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوگئے ہیں۔

دھماکے کی پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھرپور انداز میں مذمت کی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکہ ملک کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے، قوم کے ہر طبقے نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں کے باعث ملک امن کی طرف گامزن ہے، قوم کے اتحاد سے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنائیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے بھی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالی شہداء کے درجات کو بلند فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔

انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ میں دھماکہ، چار پولیس اہلکارشہید نو افراد زخمی

صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانکو نے کہا کہ ظالموں نے بے گناہ افراد کو نشانہ بنایا ہے، دہشت گردوں کو ضرور سبق ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو کسی صورت خراب ہونے  نہیں دیں گے، پولیس کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائے گی۔

انہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا کہ بلوچستان میں گڑبڑ پھیلانے کی مذموم سازش کرنے والے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں ، پولیس اہلکاروں نے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور ان کی وجہ سے کئی بڑے حادثات رونما نہیں ہوئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور انہیں اپنے لئے سرمایہ افتخار سمجھتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گوادر میں ہوٹل پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، سیکیورٹی گارڈ شہید

آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے واقعے کے بعد پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دے دیا۔

آئی جی پنجاب کی جانب سے نشر کئے گئے وائر لیس پیغام میں تمام ڈی پی اوز کو اپنے اپنے اضلاع کے حساس مقامات، مارکیٹوں اور مساجد کے گردو نواح میں پٹرولنگ نفری کو فوری بڑھانے کا حکم دیا گیا۔

آئی جی پنجاب کے مطابق سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکار ٹولیوں کی شکل میں کھڑے ہونے کی بجائے الگ الگ فاصلے پر کھڑے ہو کر اپنے فرائض انجام دیں۔

آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو سیکیورٹی سے متعلقہ اہم ہدایات جاری کر دیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ تمام ڈی پی اوز خود فیلڈ میں نکلیں اور حساس مقامات کی سکیورٹی ڈیوٹیز کو چیک کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بین الاضلاعی اور بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر نگرانی کا عمل مزید سخت کیا جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعظم نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والوں کا کوئی دین مذہب نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بحثیت قوم ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم دہشت گردی کے عفریت کا مکمل صفایا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو یکے بعد دیگرے نشانہ بنانے سے دشمن کے عزائم واضح ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے۔ سکیورٹی اہلکار اپنی جانوں پر کھیل کر وطن کے دفاع اور عوام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بے مثال کردار ادا کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں